اسلام آباد: وزیراعظم نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے پیغام جاری کیا کہ دہشتگردی کیخلاف لڑنے والے جوانوں کی بہادری وجرات کو سلام!۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے حملے میں شہید ہونے والے 3 جوانوں کے اہلخانہ سے بھی اظہار تعزیت کیا۔یاد رہے کہ گزشہ روز ساٹھ سے ستر دہشت گردافغان سرحد کراس کرتے ہوئے وزیرستان میں گھسے ،الواڑا کے قریب باڑ لگانے والے پاک فوج کے جوانوں پر فائر کھول دیے۔
میری تمام تر دعائیں اور ہمدردیاں شمالی وزیرستان کے علاقے الواڑہ میں قابل مذمت دہشت گرد حملہ پسپا کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے تین جوانوں کے اہل خانہ کیساتھ ہیں۔ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کی کوششوں کے دوران جگر آزمانے اور قربانیاں دینے والے جوانوں کو ہمارا سلام۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 2, 2019
پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دشمن کابھاری جانی اورمانی نقصان ہوا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے افغانستان کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے ۔
افغان سکیورٹی فورسز اپنے علاقوں پر موثر کنٹرول قائم کریں تاکہ ایسے واقعات پیش نہ آ سکیں ،جو دونوں ملکوں کی سلامتی کیلئے نقصان دہ ہیں۔ پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستانی فورسز پر ہونیوالے حملے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔