Get Alerts

امید ہے بھارت کا ردعمل خطے میں کشیدگی نہیں بڑھائے گا ، امریکی نائب صدر

امید ہے بھارت کا ردعمل خطے میں کشیدگی نہیں بڑھائے گا ، امریکی نائب صدر

واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا کو امید ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد بھارت کا ردعمل ایسا نہیں ہوگا جو پورے خطے میں کشیدگی کا سبب بنے۔

ایک غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ بھارت حملے کا جواب ذمہ داری سے دے تاکہ کوئی بڑا علاقائی تنازع پیدا نہ ہو۔ ساتھ ہی انہوں نے پاکستان پر بھی زور دیا کہ اگر اس حملے میں کسی قسم کی ذمہ داری بنتی ہے تو وہ بھارت کے ساتھ تعاون کرے تاکہ ایسے عناصر کو روکا جا سکے جو پاکستانی سرزمین سے حملے کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے میں 26 افراد جان سے گئے، جن میں زیادہ تر سیاح تھے۔ یہ حملہ 2000 کے بعد سے خطے کا سب سے مہلک حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگایا ہے، جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات ہونی چاہیے۔

ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے دونوں ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور بات چیت کے ذریعے کشیدگی کم کریں۔ امریکا کے مطابق وہ بھارت اور پاکستان دونوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، اور اس ضمن میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھارتی وزیر خارجہ اور پاکستانی وزیر اعظم سے فون پر گفتگو بھی کی ہے۔

ٹیگز: