فلوریڈا: امریکی خلائی کمپنی اسپیس ایکس (SpaceX) نے زمین کے نچلے مدار میں اپنے اسٹارلنک انٹرنیٹ نیٹ ورک کو مزید وسعت دیتے ہوئے 28 جدید وی ٹو (V2) سیٹلائٹس خلا میں روانہ کر دیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کا کہنا ہےکہ یہ سیٹلائٹس فلوریڈا کے کیپ کیناویرل سپیس فورس اسٹیشن سے فالکن 9 راکٹ کے ذریعے شام 6:51 کے بعد لانچ کیے گئے۔ لانچ کے آٹھ منٹ بعد راکٹ کا پہلا مرحلہ کامیابی سے بحر اوقیانوس میں موجود ایک خودکار ڈرون شپ پر اتر گیا۔
یہ بوسٹر، جسے ٹیل نمبر 1080 دیا گیا ہے، پہلے بھی کئی اہم مشنز میں استعمال ہو چکا ہے جن میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے مشن، کارگو پروازیں اور یورپی خلائی ایجنسی کی یوکلڈ آبزرویٹری شامل ہیں۔ یہ اس بوسٹر کا 18 واں کامیاب مشن تھا، جبکہ اسپیس ایکس کی جانب سے دوبارہ قابل استعمال ایندھن کے بوسٹر کو استعمال کرنے کا یہ 440 واں موقع تھا۔
اس مشن کے بعد زمین کے نچلے مدار میں اسٹارلنک سیٹلائٹس کی مجموعی تعداد تقریباً 7,300 ہو گئی ہے۔ اسپیس ایکس کا یہ 2025 میں 51 واں اور مجموعی طور پر 468 واں لانچ ہے، جو کمپنی کی خلائی مشنز میں تسلسل اور کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔
اسٹارلنک منصوبے کا مقصد دنیا کے دور دراز اور انٹرنیٹ سے محروم علاقوں تک تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی ہے، جس کے لیے اسپیس ایکس مسلسل نئے سیٹلائٹس خلا میں بھیج رہی ہے۔