راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی سلامتی، خطے کی موجودہ صورتحال اور بھارت کی ممکنہ جارحیت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کانفرنس میں پاکستان کی مسلح افواج کی کسی بھی جارحیت کے خلاف ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور ثابت قدم حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر ممکن صورتحال کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے فورم نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور پہلگام واقعے کے بعد ایل او سی پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں کہا گیا کہ بھارتی فوج کی بلا اشتعال کارروائیاں کشیدگی کو بڑھاتی ہیں اور ان کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
مزید برآں، اجلاس میں بھارت کے خود ساختہ بحرانوں اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کو نقصان پہنچانے کی سازشوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ خاص طور پر، بھارت کے سندھ طاس معاہدے کو نقصان پہنچانے کے خطرات پر تشویش ظاہر کی گئی، جس سے نہ صرف پاکستان کی عوام بلکہ پورے خطے میں عدم استحکام پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
آرمی چیف نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج بھارت کی تمام جارحیتوں کا جواب دینے کے لیے یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہیں۔