لاہور:پاکستان سپر لیگ (PSL) کے دسویں ایڈیشن کے 22ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی اوورز میں صاحبزادہ فرحان اور کائیل میئرز نے ٹیم کو 58 رنز کا مستحکم آغاز فراہم کیا، تاہم اس کے بعد بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گئی۔
صاحبزادہ فرحان 35 گیندوں پر 36 رنز بنا کر احمد دانیال کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جبکہ کائیل میئرز 18 رنز بنا کر محمد علی کا شکار بنے۔ مڈل آرڈر بلے بازوں میں کوئی بھی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔ سلمان آغا 4، شاداب خان 15، کولن منرو 11، سعد مسعود 1 اور اعظم خان صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اختتامی اوورز میں بین ورشوس نے 17 گیندوں پر جارحانہ 33 ناٹ آؤٹ رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو 143 رنز کے مجموعے تک پہنچایا۔ آخری وکٹ کے طور پر نسیم شاہ ایک رن بنا کر حسین طلعت کی گیند پر پویلین لوٹے۔
پشاور زلمی کی جانب سے محمد علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ لیوک وڈ، الزری جوزف، احمد دانیال، صائم ایوب اور حسین طلعت نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ چھ میچز میں پانچ فتوحات کے ساتھ سرفہرست ہے، جب کہ پشاور زلمی چھ میں سے صرف دو میچ جیت کر پانچویں نمبر پر ہے۔