اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی سطح پر "معرکہ حق" میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے اور دنیا کے سامنے ایک پرامن ملک کی حیثیت سے اپنی پہچان مضبوط کی ہے۔
اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ تمام حقائق واضح ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بھارتی جاسوس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کلبھوشن یادیو کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا، جو پاکستان کی بڑی کامیابی ہے اور بھارت اس حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتا کہ اس کا جاسوس ہماری حراست میں ہے۔
عطا تارڑ نے ملکی قیادت کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا آج پاکستانی قیادت کی بصیرت کی معترف ہے۔ عسکری اور سفارتی، دونوں محاذوں پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔ پاکستان کی معیشت اور عالمی ساکھ میں بہتری آرہی ہے، جس کی وجہ سے ملک دنیا میں چمک رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے بیانیے کی جنگ (Narrative War) میں پاکستانی عوام اور بالخصوص نوجوانوں کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں نے سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر ثابت کیا کہ وہ ایک امن پسند قوم کے سپاہی ہیں اور دشمن کے منفی پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا مشن خطے اور دنیا میں امن کا قیام ہے، اور "معرکہ حق" میں ہماری کامیابی سچائی اور انصاف کی فتح ہے۔