اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی امن و امان کی صورتحال اور خصوصاً 3 مئی کو ہونے والے پاکستان سپر لیگ (PSL) کے فائنل میچ کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ پی ایس ایل فائنل کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور اور اس کے گردونواح میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہزاروں سکیورٹی اہلکار ٹیموں اور شائقین کی حفاظت پر مامور ہوں گے۔
ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی روٹ پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو دشواری نہ ہو۔ سٹیڈیم کے اندر اور باہر جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔
محسن نقوی نے وزیراعظم کو بتایا کہ ان کی خصوصی ہدایت پر کفایت شعاری مہم کے باوجود شائقینِ کرکٹ کے لیے اسٹیڈیم کے دروازے کھولے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے پسندیدہ کھیل سے لطف اندوز ہو سکیں۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے اور ان کے لیے پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کا خیال رکھا جائے۔
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات سے بھی وزیراعظم کو باخبر کیا۔ وزیراعظم نے امن برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور واضح کیا کہ عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 2026 کے ابتدائی میچز ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری مہم کے باعث بغیر تماشائیوں کے کھیلے گئے تھے، تاہم فائنل کے لیے وزیراعظم نے عوامی مطالبے پر شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی ہے۔