کورونا سے متعلق سب سے زیادہ غلط معلومات ٹرمپ نے پھیلائیں

کورونا سے متعلق سب سے زیادہ غلط معلومات ٹرمپ نے پھیلائیں

واشنگٹن :امریکہ میں ایک تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کورونا سے متعلق دنیا میں سب سے زیادہ جعلی معلومات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وجہ سے پھیلیں۔


امریکہ کی کارنیل الائنس فار سائنس کی ٹیم نے رواںسال یکم جنوری سے 26 مئی کے درمیان انگریزی زبان اور مقامی میڈیا میں شائع کردہ 38 لاکھ مضامین کا جائزہ لیا۔انہوں نے امریکا، برطانیہ، بھارت، آئرلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور دیگر افریقی اور ایشیائی ممالک کا ڈیٹا بیس استعمال کیا۔ 5 لاکھ 22 ہزار 472 نیوز آرٹیکل کا انتخاب کیا جو کورونا سے متعلق غلط معلومات پر مبنی تھے اور متعدد مرتبہ شائع ہوئے۔


ان مضامین کی 11 اہم ذیلی عنوانات میں درجہ بندی کی گئی جن میں سازشی نظریات سے لے کر امریکی سائنسدان انتھونی فوکی پر حملوں تک کے شامل تھے۔محققین کے مطابق عنوانات کی درجہ بندی میں ایک خانہ ’معجزاتی علاج‘ پر مبنی تھا اور امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 24 اپریل کو پریس بریفنگ میں کورونا کے خلاف جراثیم کش استعمال کرنے کے بیان سے مذکورہ خانے میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔


جب ڈونلڈ ٹرمپ نے ملیریا کے علاج میں استعمال ہونے والی دوا کلوروکوئن سے کورونا کا علاج پر زور دیا تو ’معجزاتی علاج‘ کے خانے میں مضامین کی تعداد غیر معمولی تھی۔محققین نے نتیجہ اخذ کیا کہ ’امریکا کے صدر کووڈ 19 کی غلط معلومات انفوڈیمک کے سب سے بڑے ڈرائیور ثابت ہوئے۔