شادی شدہ مرد سے تعلقات کی گھروالوں نے سخت مخالفت کی ، شبانہ اعظمیٰ

شادی شدہ مرد سے تعلقات کی گھروالوں نے سخت مخالفت کی ، شبانہ اعظمیٰ

ممبئی : معروف بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی نے کہا ہے کہ ان کے والدین ایک شادی شدہ مرد کے ساتھ تعلقات کے سخت خلاف تھے ۔ہماری شادی کی کامیابی کی بڑی وجہ ہنی ایرانی تھیں ۔ 

سوشل میڈیا پر سوال جواب کے ایک سیشن میں بھارتی رکن پارلیمنٹ اور اداکارہ  شبانہ اعظمی نے بھارت کے معروف نغمہ نگار اور شاعر جاوید اختر سے شادی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے اپنی شادی کے بارے میں کبھی بھی زبان نہیں کھولی کیونکہ ہماری شادی کی بہت زیادہ مخالفت کی گئی تھی ۔ جاوید سے شادی ہمارا ذاتی فیصلہ تھا اور اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں نے کبھی کوئی بات کسی سے شیئر ہی نہیں کی ۔

 ماضی کی معروف اداکارہ شبانہ اعظمٰی نے کہا کہ میرے گھر والوں کی طرف سے مجھے ہر طرح کی آزادی تھی لیکن وہ نہیں چاہتے تھے کہ میں ایک شادی شدہ مرد کو اپنا جیون ساتھی بناؤں ۔

71 سالہ شبانہ اعظمیٰ کا کہنا تھا کہ میری اور جاوید اختر کی کامیاب شادی کی ایک بڑی وجہ ان کی پہلی بیوی ہنی ایرانی ہیں ۔

 ہنی ایرانی نے کبھی اپنے بچوں کے ذہن میں میرے بارے کوئی منفی بات نہیں کی انہوں نے اپنے بچوں کو کم عمری میں ہی تعلیم کے لئے لندن بھیج دیا تھا اور جب وہ بچے بڑے ہوئے تو وہ اتنے بالغ تھے کہ ہمارے رشتے کو سمجھ سکتے ۔

شبانہ اعظمی نے کہا کہ ہماری شادی کے موضوع پر بہت باتیں کی گئیں میڈیا پر اوراخبارات میں طرح طرح کی خبریں چھپتی رہیں لیکن ہماری لائف پر اس کا کبھی کوئی اثر نہیں ہوا کیونکہ جاوید اور میرے پاس اس کے سوا کوئی اور آپشن ہی نہیں تھا کہ ہم دنیا کی باتوں پر توجہ نہ دیں ۔

بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی آرٹ موویز میں اپنا ایک منفرد مقام رکھتی ہیں ۔ وہ معصوم ، تھوڑی سی بیوفائی ، اوتار، سوامی ارتھ ، منڈی ، مکڑی ، جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں.

یاد رہے کہ بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی اور بھارتی شاعر جاوید اختر نے 1984میں شادی کی تھی ۔ جاوید اختر پہلے سے شادی شدہ تھے ان کی 1971 میں ہنی ایرانی سے شادی ہوئی تھی جن سے ان کے دوبچے فرحان اختراور زویا اختر ہیں ۔