اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج کے حالیہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے "ایک اور کھلی دہشت گردی" قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری قحط، فاقہ اور انسانی جانوں کے ضیاع کے باوجود دنیا بھر سے پرامن افراد فلسطینیوں کی مدد کے لیے امدادی سامان لے کر آگے بڑھ رہے ہیں، مگر اسرائیل اور اس کی حمایت کرنے والا امریکہ یہ سہولت بھی فراہم نہیں کر رہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ امریکہ جو خود کو امن کا پیامبر ظاہر کرتا ہے، اپنے "لاڈلے" اسرائیل کو اجازت نہیں دیتا کہ غزہ کے محصور عوام تک امداد پہنچ سکے، جو کہ انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا یہی انسانیت، جمہوریت اور عالمی انصاف ہے جس کا دنیا بھر میں دعویٰ کیا جاتا ہے؟