Get Alerts

رواں سال 2025 کے پہلے سپر مون کا شاندار نظارہ، چاند زمین کے قریب ہوگا

رواں سال 2025 کے پہلے سپر مون کا شاندار نظارہ، چاند زمین کے قریب ہوگا

کراچی : اکتوبر کا مہینہ چاند کے شوقین افراد کے لیے خاص ہونے جا رہا ہے کیونکہ اس ماہ کا مکمل چاند زمین کے سب سے قریب آ کر سپر مون کے طور پر نظر آئے گا۔

جب چاند زمین کے سب سے قریب ہوتا ہے تو وہ عام چاند سے بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے، جسے سپر مون کہا جاتا ہے۔ اس سال 7 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں 2025 کا پہلا سپر مون دیکھا جائے گا، جو معمول کے چاند سے تقریباً 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن ہوگا۔

اس کے بعد 5 نومبر اور 5 دسمبر کو بھی سپر مون کا نظارہ ممکن ہوگا۔ جبکہ جنوری 2026 کے آغاز میں آنے والا چاند بھی سپر مون ہوگا، لیکن اسے 2025 کا حصہ نہیں سمجھا جائے گا۔

عام طور پر ہر سال 3 سے 4 سپر مون دکھائی دیتے ہیں۔ 7 اکتوبر کو چاند زمین سے تقریباً 2 لاکھ 24 ہزار 599 میل کے فاصلے پر ہوگا، جو کہ 11 ماہ بعد پہلا سپر مون ہے۔ اس سے پہلے ایسا چاند نومبر 2024 میں دیکھا گیا تھا۔

رواں سال کا سب سے روشن چاند نومبر میں ہوگا، جب چاند زمین سے سب سے زیادہ قریب، یعنی 2 لاکھ 21 ہزار 817 میل کے فاصلے پر ہوگا۔

سپر مون اس لیے بھی منفرد ہوتا ہے کیونکہ جب یہ افق کے قریب ہوتا ہے تو اپنے اصل حجم سے بھی بڑا دکھائی دیتا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق یہ نظر کا ایک فریب ہے، جس میں آس پاس کی چیزیں جیسے درخت اور عمارتیں چاند کے فاصلے کا اندازہ غلط کر دیتی ہیں، اس لیے چاند زیادہ بڑا نظر آتا ہے۔

ٹیگز: