کولمبو: آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان اپنی مہم کا آغاز آج بنگلہ دیش کے خلاف کرے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت نوجوان آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کر رہی ہیں، جبکہ بنگلہ دیش کی کپتان نگار سلطانہ ہوں گی۔ میچ سری لنکا کے پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ چونکہ ٹورنامنٹ کی میزبانی بھارت کر رہا ہے اور پاکستان بھارت میں اپنے میچز نہیں کھیل رہا، اس لیے قومی ویمن ٹیم اپنے تمام میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت سری لنکا میں کھیل رہی ہے۔
میچ سے قبل قومی ٹیم نے کوچ محمد وسیم کی زیر نگرانی بھرپور تیاری کی۔ منگل کے روز کھلاڑیوں نے تین گھنٹے طویل نیٹ سیشن میں حصہ لیا، جبکہ بدھ کو ہلکی پھلکی ٹریننگ کی گئی۔