لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں فضائی آلودگی کے تدارک اور مسلسل نگرانی کے لیے اہم اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں 24 گھنٹے فضائی معیار کی مانیٹرنگ یقینی بنانے کا حکم دیا ہے، تاکہ عوام کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات پنجاب نے تحفظ ماحول قانون کے تحت باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ اس حکم نامے کے تحت نہ صرف ہر ضلع میں فضائی آلودگی کی نگرانی کی جائے گی بلکہ اس کا ڈیٹا عوام اور متعلقہ اداروں کے ساتھ شفاف طریقے سے شیئر بھی کیا جائے گا۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق، عوام اور اداروں کی سہولت کے لیے ہر آٹھ گھنٹے بعد تازہ ترین رپورٹ جاری کی جائے گی، جس میں ہوا میں موجود زہریلے مادّوں اور آلودگی کے دیگر عناصر کی سطح واضح کی جائے گی۔ یہ رپورٹیں آن لائن پلیٹ فارمز اور اضلاع کی سطح پر دستیاب ہوں گی تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے نہ صرف سموگ اور دیگر ماحولیاتی خطرات پر قابو پایا جا سکے گا بلکہ مستقبل کی پالیسی سازی میں بھی یہ ڈیٹا انتہائی معاون ثابت ہوگا۔