لاہور:پنجاب حکومت نے سموگ کے خاتمے اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے تدارک پلان پر عملدرآمد مزید تیز کر دیا ہے، جبکہ تمام متعلقہ محکموں کو اقدامات مؤثر بنانے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور میں کلائمیٹ سمارٹ واچ منصوبے پر بریفنگ لیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں فضائی آلودگی کے ذرائع کی نشاندہی اور سموگ کے تدارک کے لیے جدید مانیٹرنگ نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ اسمارٹ واچ فضائی معیار اور اسموگ کی صورتحال کی لائیو نگرانی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس جدید نظام کے ذریعے شہری اپنے اردگرد کی ہوا کے معیار کو جانچ سکیں گے اور بروقت معلومات حاصل کر سکیں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اسموگ کے خطرات کم کرنے اور ماحولیات کی بہتری کے لیے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، جبکہ حکومتی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔