اسلام آباد :نیشنل پریس کلب پر پولیس کے حملے اور صحافیوں پر تشدد کے واقعے کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین واقعہ قرار دیتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
افضل بٹ نے کہا کہ ماضی میں انتظامیہ یا اسلام آباد پولیس کبھی پریس کلب میں داخل نہیں ہوئی، لیکن اس بار پولیس اہلکاروں نے پریس کلب کے اندر دھاوا بول دیا اور املاک کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے پریس کلب کے کچن میں جا کر برتن توڑے اور فوٹوگرافر اور کیمرہ مین کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
صدر پی ایف یو جے نے بتایا کہ پولیس نے دو عہدیداران کو گرفتار کر لیا تھا جنہیں بعد میں بحفاظت رہا کروایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب عہدیداران نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی مگر پولیس نے ان پر بھی تشدد کیا۔
افضل بٹ نے کہا کہ واقعے پر قانون کے مطابق اپنا بھرپور ردعمل دیا جائے گا اور صحافی برادری اس ناانصافی کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔