اسلام آباد :سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کشمیر کے موجودہ حالات کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت ایک معاملہ فہم قیادت اور دانشمندانہ حکمت عملی کی سخت ضرورت ہے جو کشیدہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روک سکے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت نے کشمیریوں کے دیرینہ مطالبات کا فوری اور جامع حل تلاش کرنے کی بجائے طاقت کے استعمال سے حالات کو اس حد تک پہنچا دیا ہے جہاں قیمتی جانوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ چوہدری سرور نے کہا، "میرا پیغام ہے کہ کشمیر میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے کشمیری رہنماؤں سے فوری مذاکرات کیے جائیں اور ان کے حقوق کی ضمانت دی جائے۔"
سابق گورنر نے کہا کہ وہ گزشتہ 50 سال سے کشمیری کمیونٹی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ان کی پاکستان کے ساتھ وفاداری، محبت اور استقامت کسی بھی شک سے بالاتر ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور کشمیر کی تمام قیادت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کا فوری حل نکالے۔