سید علی گیلانی کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حقیقی آواز اور ہیرو تھے: پاکستان

سید علی گیلانی کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حقیقی آواز اور ہیرو تھے: پاکستان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حقیقی آواز اور ہیرو تھے جنہیں بے پناہ ذاتی مشکلات و مصائب اور جبر و استبداد کا کوئی ہتھکنڈا بھی آہنی عزم سے پیچھے نہ ہٹا سکا۔ 
دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان اور عوام سید علی گیلانی کی وفات پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں، اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی عمر بھر جدوجہد کرنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، وہ کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت تھے۔
دفترخارجہ نے کہا کہ سید علی گیلانی طویل عرصہ گھر میں نظر بند رہے اور کئی مشکلات جھیلیں مگر آزادی کشمیر کے حوالے سے ان کا عزم غیرمتزلزل رہا ، بے پناہ ذاتی مشکلات و مصائب اور جبر کا کوئی ہتھکنڈا بھی انہیں اپنے آہنی عزم سے پیچھے نہ ہٹا سکا، عمر بھر انصاف اور آزادی کے حصول کی جدوجہد کرنے والے سید علی گیلانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ 
دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی نے اپنی جدوجہد سے کشمیر کی تین نسلوں کو ایک نیا عزم و حوصلہ دیا، وہ کشمیریوں کی تحریک آزدای کی حقیقی آواز اور ہیرو تھے، وہ اپنی نظریاتی سمت سے کبھی غافل نہیں ہوئے اور اپنے پورے دل و جان کے ساتھ کشمیریوں کی آزادی کے نصب العین پر ڈٹے رہے۔ 
دفتر خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کی پاکستان اور کشمیر سے بے مثال وابستگی اور محبت پر انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کی یاد قابض بھارتی فوج کے ناجائز قبضے کے خلاف کشمیریوں کے جذبے اور تحریک کو آگے بڑھاتی رہے گی، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔