Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدرکا پاک چین دوستی اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدرکا پاک چین دوستی اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

بیجنگ/تیانجن: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو شنگھائی تعاون تنظیم کے کامیاب اجلاس اور فسطائیت کے خلاف جنگ میں فتح کی 80ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔ انہوں نے چین کی ترقی کو صدر شی کی بصیرت افروز قیادت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چین کی کامیابیوں پر فخر ہے اور وہ اس سفر میں چین کے ساتھ شانہ بشانہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان میں بندرگاہوں، توانائی، زراعت اور لائیو اسٹاک جیسے شعبوں کو مضبوط بنانے کا نیا موقع ہے۔ انہوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں جاری دہشتگردی کو بیرونی عناصر سے جوڑا اور کہا کہ چین جنوبی ایشیا میں جامع مذاکرات کی راہنمائی کرے تاکہ خطے میں امن اور ترقی ممکن ہو۔

وزیراعظم نے جانوروں کی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے چینی تجربے سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا اور لائیو اسٹاک کے شعبے کو ملک کی زرعی معیشت کا ستون قرار دیا۔

انہوں نے صدر شی کی عالمی سطح پر امن و ترقی کے لیے دی گئی تجاویز — جیسے گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو — کو سراہتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

چینی صدر شی جن پنگ نے یقین دہانی کروائی کہ چین، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان کی مکمل مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور زور دیا کہ پاکستان چینی عملے اور منصوبوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے۔

دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات کو "بے مثال اور منفرد" قرار دیا اور اس شراکت کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ کو 2026 میں پاکستان اور چین کی دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر سرکاری دورہ پاکستان کی دعوت دی، جسے صدر شی نے خوش دلی سے قبول کیا۔

تیانجن میں وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علییف سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدے پر صدر علییف کو مبارکباد دی۔

ایرانی صدر کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے ایران کے ساتھ مضبوط سیاسی و اقتصادی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کو بہترین حل سمجھتا ہے۔

وزیراعظم کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات اور بیجنگ کے ایک مقامی اسپتال کا دورہ بھی ان کے شیڈول کا حصہ ہے۔

ٹیگز: