لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب کی مجموعی صورتحال قدرے بہتر ہو گئی ہے اور انتظامیہ کی مؤثر کارروائیوں سے حالات کنٹرول میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ دباؤ تریموں ہیڈ ورکس پر ہے جہاں پانی کی سطح بلند ہے، مگر دیگر علاقوں میں پانی نیچے کی طرف جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بارشوں کا ایک اور سلسلہ کل سے شروع ہو چکا ہے جو پاکستان اور بھارت دونوں میں جاری ہے، جس کی وجہ سے حالات مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے خود تریموں کا دورہ کیا اور حالات پر بریفنگ لی۔
عظمیٰ بخاری نے وبائی امراض کے خطرے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت اور دیگر ادارے الرٹ ہیں، اور متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کو فوری ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہیڈ محمد والا پر صورتحال نازک ہے، جہاں ممکنہ خطرات کے پیش نظر ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے قوم سے اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں سیاست سے بالا تر ہو کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے صوبوں کی ذمہ داریوں کو سراہا اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امین گنڈاپور کی جانب سے ڈیمز کے حوالے سے مثبت موقف کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچانے کے لیے ڈیمز کی تعمیر پر سنجیدگی سے فیصلہ کرنا ہوگا۔ فی الحال پنجاب میں ریلیف آپریشنز اولین ترجیح ہیں، اور متاثرین کو جلد از جلد ان کے گھروں میں واپس بسایا جائے گا۔