ممبئی : سپین اور بارسلونا کے سٹار فٹبالر لامین یمال سے غیر معمولی مشابہت رکھنے والے بھارت کے 15 سالہ ایلن جیمز نے سوشل میڈیا پر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔
کیرالہ کے کولم ضلع کے چکّوولی سے تعلق رکھنے والے ایلن کے چہرے کے نقوش، بالوں کا انداز اور مسکراہٹ یمال سے اس قدر ملتی جلتی ہے کہ پہلی نظر میں دونوں کو الگ پہچاننا مشکل محسوس ہوتا ہے۔
مقامی سطح پر کئی افراد پہلے ہی ایلن کی یمال سے مشابہت کا ذکر کرچکے تھے، تاہم وی لاگر نکھل منوہر کی جانب سے ایلن پر بنائی گئی ایک ویڈیو نے اسے راتوں رات سوشل میڈیا پر مقبول کردیا۔
لامین یمال کی جرسی میں ایلن کی ویڈیوز نے بھی صارفین کی خاص توجہ حاصل کیں۔ ان ویڈیوز میں سے ایک کو انسٹاگرام پر اب تک 14 ملین سے زیادہ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ایلن کا تعلق صرف حلیے کی حد تک فٹبال سے نہیں بلکہ وہ خود بھی اس کھیل کا شوقین ہے۔ دسویں جماعت کا طالب علم ایلن اپنے سکول کی فٹبال ٹیم میں دفاعی کھلاڑی کے طور پر کھیلتا ہے۔
ایلن کی فٹبال میں دلچسپی بھی یمال سے کافی مماثلت رکھتی ہے۔ وہ بھی ارجنٹائن کے سٹار لیونل میسی کا مداح ہے اور ارجنٹائن کی قومی ٹیم کو اپنی پسندیدہ ٹیم قرار دیتا ہے۔