Get Alerts

پاکستان کرغزستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت 2 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

پاکستان کرغزستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت 2 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

بشکیک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنا چاہتا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

کرغزستان کے دورے کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے شاندار میزبانی پر صدر صدار ژاپاروف کا شکریہ ادا کیا اور کرغزستان کی قیادت اور عوام کو یوم آزادی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کرغزستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر بھی مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر کرغز قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے نئے مرحلے کا آغاز ہیں۔

شہباز شریف کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں تجارتی تعلقات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تجارت کا حجم بڑھانے کے لیے دونوں ممالک قوانین اور ضوابط کو مزید آسان بنائیں گے۔

وزیراعظم نے پاک کرغز ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دوطرفہ تجارت اور علاقائی روابط کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کاسا 1000 منصوبے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کے قیام کا بھی خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، جبکہ دونوں جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

ٹیگز: