اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے میں یکطرفہ تبدیلی یا کسی بھی قسم کے یکطرفہ اقدام کو مسترد کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے سے متعلق یکطرفہ اقدامات کی کوئی گنجائش نہیں اور بین الاقوامی معاہدے فریقین کی باہمی رضامندی سے ہی چلتے ہیں۔
میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ آبی وسائل پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ خطے کے امن اور استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی معاہدوں اور ان کی پاسداری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ ایران کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ یہ دورہ خطے میں امن کی کوششوں کا حصہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سٹریٹجک کمیٹی کا اجلاس استنبول میں منعقد ہوا۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تینوں ممالک نے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے خطے میں امن کے فروغ پر اتفاق کیا۔