لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوانوں کے لیے ’سی ایم مریم نواز الیکٹرک بائیک اسکیم‘ میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے طلبہ کو سوا لاکھ سے زائد الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے طلبہ سے ڈاؤن پیمنٹ وصول کرنے سے روک دیا ہے، جبکہ ماہانہ قسط کے علاوہ دیگر واجبات سے متعلق سفارشات بھی مسترد کر دی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اسی ہفتے ای بائیک پورٹل کھولنے کا حکم بھی دے دیا، جس کے بعد طلبہ اسکیم کے تحت الیکٹرک بائیک کے حصول کے لیے درخواستیں دے سکیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے ’مثالی گاؤں‘ منصوبے کے لیے کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ منصوبے کے تحت پنجاب کے ساڑھے تین ہزار سے زائد دیہات میں سیوریج کا نظام بہتر بنانے اور پکی گلیاں تعمیر کرنے کا کام کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق دیہی ترقی کے منصوبے میں اسسٹنٹ کمشنر، کمیونٹی ہیلتھ موبلائزر اور سیکرٹری یونین کونسل کو بھی شامل کیا جائے گا۔