اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ میں اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں برطانیہ، ترکیہ اور کرغزستان کے حالیہ دوروں کے دوران ہونے والی ملاقاتوں اور روابط سے متعلق فالو اپ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک کے دوروں کے دوران طے پانے والے امور پر ہونے والی پیش رفت، مختلف ملاقاتوں کے نتائج اور آئندہ کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو دوروں کے دوران زیرِ بحث آنے والے معاملات پر بروقت اور مؤثر فالو اپ کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ طے شدہ امور پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ اعلیٰ سطحی دوروں کے نتائج کو عملی شکل دی جا سکے۔
اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ پاکستان کے سفارتی روابط اور حالیہ بین الاقوامی مصروفیات سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانیہ، ترکیہ اور کرغزستان کے مسلسل دورے کیے تھے۔ انہوں نے کرغزستان میں وزیراعظم کے ہمراہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔
اجلاس میں اسپیشل سیکریٹری اقوام متحدہ نبیل منیر سمیت وزارت خارجہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر حکام کو بین الاقوامی روابط اور اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے بعد فالو اپ کے عمل کو مزید مؤثر اور تیز بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔