کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج (PSX) میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی شدید مندی کا راج ہے، جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 2 ہزار 900 سے زائد پوائنٹس کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔آج کاروبار کے آغاز پر ہی فروخت کا شدید دباؤ دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ بری طرح متاثر ہوئی۔ انڈیکس میں 2,917 پوائنٹس کی نمایاں گراوٹ دیکھی گئی۔
کے ایس ای 100 انڈیکس گر کر 1 لاکھ 49 ہزار 93 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔مارکیٹ میں اچانک آنے والی اس مندی نے سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جس کی وجہ سے کئی بڑے شیئرز کی قیمتیں کم ترین سطح پر آ گئی ہیں۔معاشی ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں اس اچانک کریش کی چند بڑی وجوہات درج ذیل ہو سکتی ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ (ایران اور اسرائیل) میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی نے عالمی اور مقامی مارکیٹوں کو غیر یقینی کا شکار کر دیا ہے۔ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بھاری اضافے اور مہنگائی کے خدشات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
ملک گیر احتجاج کی کالز اور داخلی سیاسی درجہ حرارت میں اضافے نے بھی مارکیٹ کے ماحول کو متاثر کیا ہے۔سٹاک ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال اسی طرح برقرار رہی تو انڈیکس مزید نیچے جا سکتا ہے۔ سرمایہ کار فی الحال "دیکھو اور انتظار کرو" (Wait and Watch) کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں اور بڑے پیمانے پر شیئرز کی فروخت جاری ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔