کراچی: عالمی منظرنامے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خام تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافے کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) شدید مندی کی لپیٹ میں آگئی ہے۔ آج ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3 ہزار 763 پوائنٹس کی بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
آج بازارِ حصص میں سرمایہ کاروں نے شدید بے چینی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس گر کر 1 لاکھ 51 ہزار 748 پوائنٹس پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز انڈیکس 1 لاکھ 55 ہزار 511 پوائنٹس کی بلند سطح پر بند ہوا تھا۔ انڈیکس میں مجموعی طور پر تقریباً 2.4 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں اس غیر معمولی گراوٹ کی تین بڑی وجوہات ہیں۔امریکی صدر کے ایران کے خلاف سخت بیانات اور "آپریشن ایپک فیوری" میں تیزی کے اعلان نے سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کر دیا ہے۔ عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ کے 105 ڈالر تک پہنچنے سے پاکستان کے درآمدی بل اور مہنگائی میں اضافے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ میں سپلائی چین متاثر ہونے کے خطرے نے مقامی سرمایہ کاروں کو شیئرز کی فروخت (Profit Taking) پر مجبور کر دیا ہے۔