مسجدِ نبوی عازمینِ حج کے اولین دستوں کے استقبال کے لیے تیار

مسجدِ نبوی عازمینِ حج کے اولین دستوں کے استقبال کے لیے تیار

ریاض:مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی کی ایجنسی کی جانب سے عازمین حج کے اولین دستوں کے استقبال کا آغاز ہو گیا ہے۔عالمی میڈیا کے مطا بق ایجنسی کا موقف ہے کہ اللہ کے گھر کے مہمانوں اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مسجد کے زائرین کے لیے مکمل دیکھ بھال اور بہترین خدمات فراہم کی جائیں گی تا کہ وہ پوری راحت اور اطمینان کے ساتھ اپنی عبادات انجام دے سکیں۔

حج سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی ایجنسی نے اپنے ترتیب دیے گئے منصوبوں پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ ان میں مسجد نبوی کے دروازوں کا کھولا جانا ، ان کی نگرانی کرنا ، مسجد میں ہر مقام کی صفائی ، مسجد میں قالینوں اور غالیچوں کی فراہمی اور ان کی مسلسل صفائی ، مسجد میں ٹھنڈے آب زمزم کی فراہمی ، روشنی اور صوتی نظام کا درست طور پر کام کرنا اور مسجد میں اور اس کے اطراف ایئر کنڈیشننگ کی خدمات شامل ہیں۔

متعلقہ سرکاری مشیر اور اعلی ذمے دار عبدالواحد بن علی الحطاب نے بتایا کہ مسجد نبوی کے امور سے متعلق ایجنسی کا مقصد یہ ہے کہ مملکت کی قیادت کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل درامد کرتے ہوئے اللہ کے گھر کے مہمانوں کو بہترین خدمات فراہم کی جائیں، ان کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے اور ان کے تمام مناسک کی ادائیگی کو آسان تر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عازمین کے سعودی عرب پہنچنے سے قبل ضروری امور سے آگاہ ہونے کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے۔الحطاب کے مطابق مذکورہ ایجنسی خواتین کے شعبوں میں بھی دیکھ بھال پر پوری طرح کام کر ہی ہے۔ اس سلسلے میں تربیت یافتہ خواتین اہل کاروں کی جانب سے اپنی ذمے داریاں پوری طرح انجام دی جا رہی ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں