اسلام آباد: ملک بھر میں حالیہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 126 افراد جاں بحق جبکہ 416 زخمی ہو گئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 26 جون سے 2 اگست تک بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کی رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں سے سب سے زیادہ 55 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ پنجاب میں 47 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ بلوچستان میں 8 افراد زندگی سے محروم ہو گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارشوں کے دوران پیش آنے والے مختلف واقعات میں سینکڑوں افراد زخمی ہوئے، جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں جانی و مالی نقصانات کا سلسلہ جاری ہے۔