Get Alerts

وزیراعظم کا نجی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور، پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کا لائحہ عمل جلد طلب

وزیراعظم کا نجی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور، پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کا لائحہ عمل جلد طلب

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے، حکومت معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے نجی شعبے کو ترجیح دے رہی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں سرمایہ کاری کے نئے ذرائع اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے حوالے سے لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی، جبکہ پبلک اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈز کے فروغ کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرکے پیش کرنے کا بھی کہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ معدنیات، زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر اہم شعبے ملک کی معاشی ترقی کے بنیادی محرک بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ معیشت میں سرمایہ کاری بڑھانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے پبلک ایکویٹی مارکیٹ ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ متبادل سرمایہ کاری ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ملکی معیشت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔

ٹیگز: