ڈیرہ اسماعیل خان: پولیس موبائل پر بم دھماکے کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پنیالہ میں پیش آیا، جہاں ایک بم دھماکے میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان شہید ہوگئے۔ دھماکے میں ایک اور کانسٹیبل آزاد شاہ محفوظ رہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شہدا کی لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ بم دھماکے کے بعد ڈی ایس پی پنیالہ اور ایس ایچ او موقع پر پہنچے اور علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے تاکہ مزید تحقیقات کی جا سکیں۔