ڈیرہ اسماعیل خان: بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے ڈی آئی خان میں واقع پولیس ٹریننگ سکول پر حملہ کیا، جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ حملے میں 6 پولیس اہلکار اور ایک امام مسجد شہید، جبکہ 12 پولیس اہلکار اور ایک شہری زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، حملے کی منصوبہ بندی انتہائی منظم انداز میں کی گئی تھی۔ دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی پولیس ٹریننگ سینٹر کے مرکزی دروازے سے ٹکرائی تاکہ سیکیورٹی حصار کو توڑا جا سکے، تاہم گیٹ پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین دہشتگردوں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دو مزید دہشتگرد کمپلیکس میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے، جنہیں بعد ازاں عمارت کے اندر گھیر کر مارا گیا۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے 6 پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گئے، جن میں پولیس ٹریننگ سینٹر کے ایک ٹرینر بھی شامل تھے۔
حملے کے دوران دہشتگردوں نے کمپلیکس کے اندر واقع مسجد پر بھی حملہ کیا، مسجد کو شدید نقصان پہنچایا گیا اور امام مسجد کو بھی شہید کر دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ حملے میں ملوث گروہ کے سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کے بلند حوصلے دہشتگردی کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے اور دشمن کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔