راولپنڈی :سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 23 خارجی ہلاک کردیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 16 اور 17 نومبر کو باجوڑ اور بنوں میں کیے گئے آپریشنز میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 10 خوارج ہلاک ہوئے، جبکہ شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کارروائی کے نتیجے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فورسز کی ان کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاست دشمن عناصر کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 18 نومبر کی صبح بنوں میں خوارج کی معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ بارودی مواد نصب کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کا ایک خارجی ہلاک ہوگیا۔
فوج کے مطابق یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ خوارج اپنی ناکامیوں کے باعث شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اب آسان اہداف پر بزدلانہ حملوں کی کوششوں پر اُتر آئے ہیں۔