کراچی: نیپا چورنگی پر کھلے مین ہول میں گر کر 3 سالہ بچے کی ہلاکت کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر 5 متعلقہ افسران کو معطل کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت واقعے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزرا، کے ایم سی حکام، ٹاؤن انتظامیہ، ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی اور غفلت ثابت ہونے پر فوری ایکشن لیا گیا۔
مراد علی شاہ نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک بچے کی جان قیمتی ہے اور اس سانحے کی ذمہ داری سے کوئی نہیں بچ سکتا۔ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ جس افسر کی بھی کوتاہی ثابت ہو، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں میں ذمہ داریاں ایک دوسرے پر ڈالنے کے رویّے کو افسوسناک قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے احکامات جاری کیے کہ تمام ذمہ دار افسران کو فوری طور پر معطل کیا جائے، جبکہ چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی گئی کہ وہ آج ہی ذمہ داران کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائیں۔