لاہور: گورنمنٹ نواز شریف ٹیچنگ اسپتال میں بروقت علاج نہ ہونے پر بچہ جاں بحق

لاہور: گورنمنٹ نواز شریف ٹیچنگ اسپتال میں بروقت علاج نہ ہونے پر بچہ جاں بحق

لاہور: لاہور کے گورنمنٹ نواز شریف ٹیچنگ اسپتال میں غریب ماں کی دہائیاں۔ غم زدہ ماں کی آہ و بکا سن کر آسمان کا جگر پاش پاش ہو گیا لیکن بے حس ڈاکٹروں نے بچے کا علاج پھر بھی نہ کیا۔ بارہ سالہ محمد علی ایڑیاں رگڑ رگڑ کر دم توڑ گیا۔ نارنگ منڈی کی رہائشی غریب ماں افراتفری کے عالم میں اپنے لخت جگر کو علاج کے لئے گورنمنٹ نواز شریف ٹیچنگ ہسپتال یکی گیٹ لاہور لائی۔

ماں ڈاکٹروں کے منتیں کرتی رہی لیکن سنگدل ڈاکٹروں نےغریب خاتون کو ٹرخا دیا اور بچے کو گنگا رام اسپتال لے جانے کا کہہ دیا۔ نم آنکھوں کے ساتھ ماں بچے کو اٹھا کر بھاگتی رہی۔ غریب خاتون کے پاس پیسے نہ ہونے کے باعث ایمبولینس بھی فراہم نہ کی گئی۔ سکیورٹی گارڈز سے یہ منظر نہ دیکھا گیا اور انہوں نے رکشے کے کرائے کے پیسے اکھٹے کئے لیکن بچہ رکشے میں بیٹھنے سے پہلے ہی ماں کی آنکھوں کے سامنے تڑپ تڑپ کر دم توڑ گیا۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بالخصوص وزیر اعظم نواز شریف کے نام سے منسوب اسپتال میں یہ دلخراش واقعہ حکومت کے دعووں، وعدوں اور کارکردگی کی قلعی کھول رہا ہے۔

مزید خبریں اور معلومات جاننے کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں