حساب مانگنے والوں کو علم ہوناچاہیے 8سال تلاشی دیتے رہے ہیں ،اب بھی نہیں گھبرائیں گے,حمزہ شہباز

حساب مانگنے والوں کو علم ہوناچاہیے 8سال تلاشی دیتے رہے ہیں ،اب بھی نہیں گھبرائیں گے,حمزہ شہباز

لاہور : پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہاہے کہ بھانت بھانت کی بولیاں بولنے والوں اور خو دساختہ حساب مانگنے والوں کو علم ہونا چاہیے کہ ہم مشرف دور میں 8سال تک تلاشی دیتے رہے ہیں اور کاروبار اور سیاست کا احتساب کرتے ہوئے جلاوطنی بھی برداشت کی ہے ۔عمران خان کو جمہوریت کی بات کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے کیونکہ جب اٹک کے قلعے میں جمہوریت کے لئے صعوبتیں برداشت کی جارہی تھیں وہ تب بھی وزیر اعظم بننے کا خواب لے کر مشرف کے ریفرنڈم کی حمایت کررہے تھے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان ہوش کے ناخن لو کتنے ڈھونگ رچاؤ گے ،الزام تراشیاں کرنے ،دھرنا دینے ،لانگ مارچ اور احتجاجی سیاست کرنے والوں کو علم ہونا چاہیے کہ گالیاں دینے اور بے بنیاد الزام لگانے سے راتوں رات وزیر اعظم نہیں بنا جاتا اس کے لئے عوام کی خدمت کر کے لوگوں کے دلوں میں گھر کرنا پڑتا ہے ۔حمزہ شہبازنے یہاں الحمرا کلچرل کمپلیس میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پر ہجوم ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر حساب کتاب کا تماشہ ہورہاہے اور اس ادارے کا حساب مانگا جارہا ہے جو 70کی دہائی میں جنوبی ایشاء کا سب سے بڑا ادارہ تھا جبکہ اس وقت نوازشریف وزیر اعلیٰ تھے اور نہ ہی وزیر اعظم ،بلکہ گورنمنٹ کالج کے طالب علم تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے بڑوں نے کہاتھا کہ ہمارا جینا اور مرنا اسی مٹی میں ہے اسی لئے دوبارہ فیکٹریاں لگائی گئیں ۔حمزہ شہبازنے کہاکہ عمران خان سن لو مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں ایک مزدور کا پوتا ہوں اور میرے دادا نے مزدوری کرکے پاکستان کا نام روشن کیا ۔حمزہ شہباز نے کہاکہ نیب کے دفتر کے باہر چھ چھ گھنٹے بیٹھ کر احتساب کا سامنا کیاہے لیکن ہمارے خلاف کوئی ثبوت نہیں لاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ اقتدارکی باری کاانتظار کرنے والوں کو اب ملک کو ترقی کی باری دینا ہوگی ۔عمران خان کو اپنے دوغلے پن پر غور کرنا چاہیے اور خبیر پختون خواہ میں قیمتی پتھر کے ٹھیکوں ،خیبر بنک ،نیب اور اپنے وزیر کو کرپشن کے الزام پر فارغ کرنے اور پھر واپس لینے کا جواب دینا چاہیے ۔حمزہ شہبا ز نے کہاکہ میاں نوازشریف کے ہاتھ اور پاؤں باندھنے کی سازش کرنے والوں کو جواب دینا چاہیے کہ کیا ان کا قصورپاکستان کو ایٹمی قوت بنانا یا اس وقت مو ٹر وے کی تعمیر کرنا ہے جب اس خطے میں اس کا تصور نہیں تھا ۔انہوں نے کہاکہ الزامات لگانے والے دیکھتے رہ جائیں گے اور انشاء اللہ وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کی قیادت میں ترقی کرتا ہوا پاکستان بہت آگے نکل جائے گا۔حمزہ شہباز نے پارٹی کارکنوں کے جوش و جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کے بغیر پارٹی اور قیادت نا مکمل ہے یہ کارکن وہی ہیں جنہیں تحریک نجات ، مشرف دور اور عدلیہ بحالی تحریک میں جیلوں میں ڈالا گیا ان کا چادر اور چاردیواری تقدس پامال کیا گیا آج یہ کارکن پارٹی کی اصل طاقت ہیں اور میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں ۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ میاں نوازشریف صرف وزیر اعظم ہی نہیں قومی لیڈر ہیں ہم ان کی تضحیک کی اجازت نہیں دیں گے۔ہمارے مخالف باؤلے ہوگئے ہیں اقلیت کو اکثریت پر مسلط نہیں ہونے دیں گے گالی اور گولی کا راج نہیں مانیں گے تبدلی ووٹ سے آئے گی ہم ووٹو ں سے آئے ہیں اور ووٹو ں سے ہی جائیں گے۔سعد رفیق نے کہا کہ ہمارا چہر ہ گدلا کرنے کی کوشش کرنے والوں کے اپنے چہر ے گدلے اور داغدار ہونگے۔ انہوں نے عمران خان کو للکارتے ہوئے کہا کہ سوچ سمجھ کر زبان کا استعما ل کریں یہ ورکرز کنونشن پہلا جواب ہے اسے کافی سمجھیں۔مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر پرویز ملک نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان کی ترقی سے خائف قوتوں کی سازشیں ناکام ہوں گی ،شائستہ پرویز ملک نے کنونشن کی طرف سے وزیر اعظم میاں محمدنوازشریف کی قیادت پر بھر پور اعتماد کی قرارداد پیش کی جسے منظور کرلیاگیا ۔اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، صوبائی وزرا پارٹی قیادت بڑی تعدا د میں اس موقع پر موجود تھی جب کہ پارٹی کارکن زبر دست جوش خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے زبردست نعرے بازی کرتے رہے۔