تہران : ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ملک میں حالیہ فسادات کو امریکا اور اسرائیل کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے اس سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ یہ محض الزام نہیں بلکہ امریکی صدر کے بیانات اس بات کا واضح ثبوت ہیں، جن میں انہوں نے فسادیوں کو مدد کی پیشکش کی تھی، اور کہا تھا کہ "آگے بڑھتے رہو، میں مدد کے لیے آ رہا ہوں۔"
سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ یہ فسادات دراصل ایک بغاوت کی کوشش تھی جسے بیرون ملک سے کنٹرول کیا جا رہا تھا، اور سی آئی اے اور موساد نے اس بغاوت کو بڑھاوا دینے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے۔ تاہم، ایرانی قوم نے انہیں شکست دی اور یہ سازش ناکام ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ ایران عالمی طاقتوں کے مفادات سے ٹکرا رہا ہے، اس لیے یہ کہنا کہ حالیہ فسادات آخری تھے، درست نہیں ہوگا۔ یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک دشمن مکمل طور پر مایوس نہ ہو جائے، اور ایرانی قوم اس مشن میں کامیاب ہو کر رہے گی۔
آیت اللہ خامنہ ای نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ دکانداروں اور تاجروں کے کچھ مطالبات جائز تھے، لیکن فسادی عناصر نے پُرامن احتجاج کو پُرتشدد بنانے کی کوشش کی۔ جب دکانداروں نے صورتِ حال کا ادراک کیا، تو انہوں نے خود کو فسادیوں سے الگ کر لیا۔
آخر میں، انہوں نے ایرانی قوم کی بیداری اور اتحاد کو سراہا اور کہا کہ یہ ثابت کر دیا کہ دشمن کسی بھی صورت اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔