لاہور : پنجاب حکومت نے راؤ عبدالکریم کو نیا آئی جی پنجاب مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ راؤ عبدالکریم، جو اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ پنجاب کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، اب پنجاب پولیس کی کمان سنبھالیں گے۔
راؤ عبدالکریم کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے 24 ویں کامن سے ہے اور وہ اپنے کیریئر میں مختلف اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ ان میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، کمانڈنٹ پی سی، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب، آر پی او گوجرانوالا، اور ڈی آئی جی ٹیلکمیونیکیشن جیسے اہم عہدے شامل ہیں۔
راؤ عبدالکریم کو ایک انتہائی پروفیشنل، منجھے ہوئے اور تجربہ کار افسر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ان کی تعیناتی پنجاب پولیس کے لیے ایک اہم قدم ہے کیونکہ وہ اپنے تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں کے باعث پولیس کے نظام میں بہتری لانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر عثمان انور کو 24 جنوری 2023ء کو عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، انہوں نے بطور آئی جی پنجاب 3 سال سے زائد کا دورانیہ گزارا، وہ 24 فروری 2023 سے 2 فروری 2026 تک آئی جی پنجاب رہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایف آئی اے کے سابق ڈی جی راجہ رفعت مختار کو نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن میں تعینات کردیا گیا ہے۔
اس تبدیلی کے ساتھ، سابق آئی جی پنجاب عثمان انور کو ڈی جی ایف آئی اے مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈی جی ایف آئی اے راجہ رفعت مختار کو اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔