Get Alerts

شادی کے 45 دن بعد نئی نویلی دلہن نے شوہر کو قتل کروا دیا

 شادی کے 45 دن بعد نئی نویلی دلہن نے شوہر کو قتل کروا دیا

بھارت: بھارتی ریاست بہار کے ضلع اورنگ آباد میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک دلہن نے شادی کے صرف پینتالیس دن بعد اپنے شوہر کو موت کے گھاٹ اتارنے کی منصوبہ بندی کی۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 سالہ گونجا دیوی کی شادی چند ہفتے قبل پریانشو نامی نوجوان سے ہوئی تھی، لیکن پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گونجا نے اپنے 55 سالہ چچا جیون سنگھ کے ساتھ مل کر کرائے کے قاتلوں کے ذریعے شوہر کو راستے سے ہٹانے کی سازش کی۔

پولیس حکام کے مطابق گونجا اور اس کے چچا نے باقاعدہ شوٹرز سے رابطہ کر کے حملے کی منصوبہ بندی کی، اور موقع ملتے ہی پریانشو کو قتل کروا دیا گیا۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ امریش راہل کے مطابق 25 جون کو پریانشو اپنی بہن سے ملنے کے بعد ٹرین کے ذریعے گھر واپس آ رہا تھا۔ جیسے ہی وہ نوی نگر اسٹیشن پہنچا، اس نے اپنی بیوی سے فون پر رابطہ کر کے بائیک بھیجنے کا کہا۔ گھر واپسی کے راستے میں دو نامعلوم افراد نے اس پر فائرنگ کر کے جان لے لی۔

تحقیقات کے دوران پولیس نے شک کی بنیاد پر گونجا دیوی اور اس کے چچا کے فون ریکارڈز حاصل کیے، جن سے سازش کے شواہد ملے۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گونجا دیوی اور دو شوٹرز کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ جیون سنگھ کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق گونجا دیوی اور جیون سنگھ کے درمیان قریبی تعلقات تھے، اور پریانشو سے شادی خاندان کی مرضی سے زبردستی کروائی گئی تھی۔
 
 

ٹیگز: