ممبئی: بھارت کے معروف پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے لاہور کا دورہ نہ کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ایسا کرنا ان کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔
دلجیت دوسانجھ نے اپنے یورپی میوزک ٹور کی تشہیر کے لیے انسٹاگرام پر لائیو سیشن کے دوران مداحوں سے گفتگو کی اور ان کے مختلف سوالات کے جواب دیے۔
اسی دوران لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک مداح نے گلوکار کو شہر آنے کی دعوت دی، جس پر دلجیت نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگر وہ لاہور آ گئے تو پھر دیگر مقامات پر نہ جانے پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ اس وقت دنیا میں کیا حالات ہیں۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سیاست سے خود کو دور رکھتے ہیں اور سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے۔ ان کے بقول موجودہ صورتحال میں حالات بہتر ہوتے دکھائی نہیں دیتے، اور اگر وہ لاہور کا دورہ کرتے ہیں تو انہیں شدید تنقید اور مخالفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دلجیت دوسانجھ کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر مداحوں کی توجہ حاصل کر لی ہے، جہاں ان کے مؤقف پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔