ممبئی: بھارتی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے سیاست میں شمولیت کی خبروں اور اپیلوں پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں پنجاب کی سیاست میں دلجیت دوسانجھ کو ایک نئے سیاسی چہرے کے طور پر سامنے لانے کی تجویز دی گئی تھی۔ اس حوالے سے سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے بعض افراد، جن میں ریٹائرڈ فوجی افسران اور مختلف شعبوں کے نمائندے شامل تھے، نے انہیں سیاست میں آنے کی دعوت دی۔ اس گروپ کی قیادت ریٹائرڈ بیوروکریٹ ایس ایس بپورائی کر رہے تھے۔
تاہم دلجیت دوسانجھ نے اس تجویز کو مؤدبانہ انداز میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اصل کام لوگوں کو اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے ذریعے محظوظ کرنا ہے اور وہ اپنے موجودہ شعبے میں مکمل طور پر خوش ہیں۔
دلجیت نے پنجابی زبان میں مختصر ردعمل دیتے ہوئے کہا، “کدے وی نئیں، میرا کام انٹرٹینمنٹ کرنا ہے، میں اپنے شعبے میں بہت خوش ہوں، شکریہ۔”
دوسری جانب ان کے مداحوں نے بھی اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ دلجیت کو اپنی فنی شناخت برقرار رکھنی چاہیے اور سیاست میں جانے سے ان کی اصل پہچان متاثر ہو سکتی ہے۔