Get Alerts

لاہور تا اسلام آباد موٹروے پر ٹول ٹیکس میں 7 فیصد اضافہ

لاہور تا اسلام آباد موٹروے پر ٹول ٹیکس میں 7 فیصد اضافہ

لاہور: قومی ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے لاہور تا اسلام آباد موٹروے (ایم-2) پر ٹول ٹیکس میں 7 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا، جس کا اطلاق 5 جولائی سے ہوگا۔

این ایچ اے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 5 جولائی سے کاریں، جیپیں اور ٹیکسیاں فی کلومیٹر 3 روپے 98 پیسے ٹول ٹیکس ادا کریں گی، جبکہ ویگنوں کے لیے فی کلومیٹر ٹول 6 روپے 68 پیسے مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح کوسٹر گاڑیوں سے 9 روپے 34 پیسے فی کلومیٹر وصول کیے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ایم-2 پر چلنے والی بسوں کے لیے فی کلومیٹر ٹول ٹیکس 13 روپے 32 پیسے، ٹرکوں کے لیے 17 روپے 33 پیسے جبکہ بڑے ٹرکوں کے لیے 22 روپے سے زائد فی کلومیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

این ایچ اے کے مطابق لاہور تا اسلام آباد موٹروے کی تعمیر و مرمت اور دیکھ بھال کے لیے ایک نجی کمپنی کے ساتھ 20 سالہ معاہدہ کیا گیا تھا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ٹول ٹیکس میں یہ اضافہ اسی معاہدے کی شرائط کے مطابق کیا گیا ہے، جس کے تحت معاہدے کے تیرہویں سال میں ٹول ٹیکس کی شرح میں 7 فیصد اضافہ نافذ کیا گیا ہے۔

ٹیگز: