میکسیکو: فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں اب تک کھیلے گئے 22 ایڈیشنز میں صرف آٹھ ممالک ہی عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو سکے ہیں، جو اس ٹورنامنٹ میں چند منتخب ٹیموں کی برتری کو ظاہر کرتا ہے۔
تمام ورلڈ کپ ٹائٹلز یورپ اور جنوبی امریکا کے ممالک نے جیتے ہیں۔ یورپی ٹیموں نے مجموعی طور پر 12 جبکہ جنوبی امریکی ٹیموں نے 10 مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی۔
برازیل ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے جس نے پانچ مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ برازیل نے آخری بار 2002 میں ورلڈ کپ جیتا تھا۔
جرمنی اور اٹلی چار، چار مرتبہ عالمی کپ جیت کر مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔ جرمنی نے 2014 میں اپنا چوتھا ٹائٹل جیتا جو ملک کے اتحاد کے بعد پہلا عالمی اعزاز تھا، جبکہ اس سے قبل کے تین ٹائٹلز مغربی جرمنی کے نام رہے۔
دوسری جانب اٹلی چار بار چیمپئن ہونے کے باوجود گزشتہ دو ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ارجنٹینا تین مرتبہ عالمی کپ جیت چکا ہے اور موجودہ عالمی چیمپئن بھی ہے۔
فرانس اور یوراگوئے نے دو، دو مرتبہ ورلڈ کپ ٹائٹل حاصل کیا۔ فرانس نے گزشتہ دو ایڈیشنز کے فائنل تک رسائی حاصل کی اور 2018 میں ٹرافی جیتی، جبکہ یوراگوئے نے 1930 کے پہلے ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کی اور 1950 میں دوسری بار چیمپئن بنا۔
انگلینڈ اور اسپین نے ایک، ایک مرتبہ عالمی کپ جیتا ہے۔ انگلینڈ نے 1966 میں واحد بار ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ اسپین نے 2010 میں پہلی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، اور شائقین یہ دیکھنے کے منتظر ہیں کہ اس بار عالمی کپ کا تاج کون اپنے نام کرے گا۔