Get Alerts

ملیر جیل واقعہ: آئی جی سندھ کا صبح سویرے ہنگامی دورہ، اعلیٰ سطحی تحقیقات کا اعلان

ملیر جیل واقعہ: آئی جی سندھ کا صبح سویرے ہنگامی دورہ، اعلیٰ سطحی تحقیقات کا اعلان

کراچی: ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار کے واقعے کے بعد آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے صبح سویرے جیل کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور جیل حکام سے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام نبی میمن نے بتایا کہ ملیر جیل میں بڑی تعداد میں وہ قیدی موجود ہیں جو منشیات کے مقدمات میں گرفتار ہیں، اور ان میں سے کئی نفسیاتی مسائل کا شکار بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے قیدیوں میں بے چینی اور اشتعال انگیزی زیادہ ہوتی ہے، جو بعض اوقات سنگین واقعات کا باعث بن جاتی ہے۔

غلام نبی  میمن نے پولیس، رینجرز اور ایف سی کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ واقعے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد فرار قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ واقعے کی مکمل چھان بین کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی جا رہی ہے، جس میں پولیس، جیل انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران شامل ہوں گے۔ اس کمیٹی کا کام  جیل کی سیکیورٹی میں پائی جانے والی خامیوں، عملے کی کارکردگی اور واقعے کی وجوہات کا تفصیل سے جائزہ لینا ہے۔

غلام نبی میمن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام مفرور قیدیوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ٹیگز: