راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو مختلف مقامات پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ تنظیم "فتنہ الہندوستان" سے تعلق رکھنے والے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، پہلی کارروائی ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں کی گئی، جہاں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں پانچ دہشتگرد مارے گئے۔
دوسری کارروائی ضلع قلات کے علاقے میں کی گئی، جہاں مزید دو دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ دونوں کارروائیوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگرد مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے، اور انہیں بھارت کی مکمل پشت پناہی حاصل تھی۔ ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک میں بھارتی اسپانسر شدہ دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ایسے عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔