لاہور : پنجاب حکومت نے حفاظتی اقدامات کے طور پر صوبے بھر کے تمام ہوائی اڈوں اور پاک فضائیہ کے ایئربیسز کے گرد 15 کلومیٹر کے فاصلے تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ یہ پابندیاں 5 جون سے 20 جون تک برقرار رہیں گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ 144 کے تحت کبوتربازی، آتش بازی، ڈرون اور لیزر لائٹ کے استعمال اور ہوائی اڈوں کے گردونواح میں آلائشیں پھینکنے پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس فیصلے کا مقصد انسانی جانوں اور املاک کو محفوظ بنانا اور فلائٹ آپریشنز میں رکاوٹ کو روکنا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ سرگرمیاں فلائٹ سیفٹی کے لیے شدید خطرہ ہیں اور ان سے ہوائی جہازوں کی پرواز میں خلل آ سکتا ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے یہ پابندیاں ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت نافذ کی ہیں۔
مزید برآں، پرندے کھلی آلائشوں کی طرف راغب ہوتے ہیں جو طیاروں اور مسافروں کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہیں۔ اس لیے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہوائی اڈوں اور ان کے گردونواح میں صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔