لاہور : پنجاب کابینہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی ہے، جن میں صحافیوں کے لیے ہاؤسنگ سکیم، ماحولیات، ٹرانسپورٹ اور صحت کے شعبے شامل ہیں۔
اجلاس میں پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ سوسائٹی فیز 2 کے لیے روڈا سے زمین کی خریداری کے لیے 40 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دی گئی، جو کہ پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو منتقل کی جائے گی۔ یہ کیس وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی جانب سے پیش کیا گیا، جسے وزیراعلیٰ مریم نواز اور کابینہ نے فوری منظوری دے دی۔
اجلاس میں کئی دیگر منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی، جن میں پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کی اوورہالنگ ، چائلڈ پروٹیکشن پالیسی ، پنجاب سینئر سٹیزن ویلفیئر بل ، الیکٹرک وہیکلز کی رجسٹریشن ، پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی ایکٹ ، سموگ کے تدارک کے لیے لاہور میں گرین ایریاز کی ترقی شامل ہے۔
اس کے علاوہ لاہور میں میڈیکل سٹی کے قیام کے لیے زمین کا حصول ، پنجاب ایئر پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کی منظوری ،انٹرسٹ فری الیکٹرک ٹیکسز کی فراہمی ، ہسپتالوں میں فرنیچر اور طبی آلات کی فراہمی کے لیے فنڈز ، پنجاب کلین ایئر پروگرام ، مریم نواز سوشل سکیورٹی راشن کارڈز، لاہور میں بس اسٹاپس کی اپ گریڈیشن ، مختلف اضلاع میں الیکٹرک بسوں کے اجرا اور نئے سہولت بازاروں کا قیام شامل ہے۔
کابینہ اجلاس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری اور دیگر ارکان شریک ہوئے۔ ان تمام اقدامات کا مقصد پنجاب میں سہولت، ترقی، اور فلاحی نظام کو بہتر بنانا ہے۔