Get Alerts

مسئلہ کشمیر کے حل میں عالمی برادری کردار ادا کرے: بلاول بھٹو زرداری

مسئلہ کشمیر کے حل میں عالمی برادری کردار ادا کرے: بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد : چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے حل اور خطے میں قیام امن کے لیے سنجیدہ کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے ایک غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ بات چیت کے لیے تیار رہا ہے، لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی خطے میں امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے بات چیت سے انکار موجودہ حالات کی سنگینی کو واضح کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مجموعی طور پر بھارت کے 6 طیارے گرائے، اور سچ یہ ہے کہ بھارت جنگ ہار چکا ہے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ کون سا میڈیا عوام کو گمراہ کر رہا ہے، اور کس حکومت نے تنازع کے دوران اور بعد میں حقائق چھپائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ مستقل جنگ بندی اور دیرپا امن کے لیے عالمی طاقتوں کو سنجیدہ اور مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان، ان کے بقول، ہمیشہ امن کی حمایت کرتا آیا ہے اور اب بھی مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کا خواہاں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کے انکار اور جارحانہ رویے کے باعث حالات مذاکرات کے لیے سازگار نہیں رہے، لیکن پاکستان مسئلے کے پرامن حل کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔

 
 

ٹیگز: