اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں آج سے 9 جون تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی علاقوں میں نم آلود ہوائیں داخل ہوں گی جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج سے بالائی علاقوں میں متوقع ہے۔
آج شام سے اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور میانوالی میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ سرگودھا، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں بھی بارش متوقع ہے۔
5 جون تک مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور چترال میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان اور ایبٹ آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔
7 جون سے 9 جون کے دوران دیر، سوات، چترال، کوہستان اور مانسہرہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور ژالہ باری متوقع ہے۔ جنوبی پنجاب میں بھی آندھی اور شدید جھکڑ چلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی تبدیلیوں سے خبردار رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔