Get Alerts

"7 جون کو گلگت بلتستان میں جیالے حکومت بنائیں گے:بلاول بھٹو زرداری کا چلاس میں خطاب

چلاس :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے انتخابی دنگل کو فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 7 جون کو خطے کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے نیا اتہاس رقم کریں گے۔ چلاس میں ایک عظیم الشان انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ جن سیاسی جماعتوں کے پاس عوام دشمن منشور ہے، وہ آج الیکشن میں "مینجمنٹ" کی ناکام کوششیں کر رہی ہیں، لیکن پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح صرف عوام کے فیصلے پر یقین رکھتی ہے اور گلگت میں اگلی حکومت پی پی پی ہی بنائے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی دعووں کا جواب دیتے ہوئے کہا   سی پیک اور اورنج ٹرین کا لنک: ملک میں جو پارٹیاں اپنے صوبوں میں ترقی کے بڑے بڑے دعوے کرتی ہیں، وہ یاد رکھیں کہ یہ سب آصف زرداری کی بدولت ممکن ہوا۔ اگر صدر زرداری ملک میں سی پیک نہ لاتے تو لاہور کی اورنج ٹرین کہاں سے بنتی؟۔
 آصف زرداری نے گوادر پورٹ چین کے حوالے کر کے ملکی ترقی کی بنیاد رکھی، صحت کا جال بچھایا اور صدر بنتے ہی اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کر کے جمہوریت کو مضبوط کیا۔
چیئرمین پی پی پی نے دیامر بھاشا ڈیم کے حوالے سے وفاق کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہادیامر بھاشا ڈیم پر سب سے زیادہ کام پیپلز پارٹی نے کیا۔ اگر 2013 میں ایک سازش کے تحت ہماری حکومت نہ گرائی جاتی تو یہ ڈیم آج فعال ہو چکا ہوتا۔ میں وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتا ہوں کہ گلگت بلتستان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سب سے پہلے دیامر بھاشا ڈیم کو مکمل کیا جائے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے پارٹی کے تاریخی تشخص کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے غریب عوام کو زمینوں کے مالکانہ حقوق دیے اور پیپلز پارٹی نے ہی گلگت بلتستان کے عوام کو ان کی شناخت اور حقوق دلوائے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے تاریخ میں ایک نہیں دو دو آمروں کا مقابلہ کیا ہے۔ ظالموں نے محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کر کے سمجھا تھا کہ پارٹی ختم ہو جائے گی، لیکن آصف زرداری نے دشمنوں کا یہ خواب چکنا چور کر دیا اور آج جیالے دوبارہ میدان میں کھڑے ہیں۔

ٹیگز: