کیلیفورنیا: گوگل میپس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے خوشخبری ہے کہ کمپنی نے ایک دلچسپ نیا فیچر موبائل ایپ میں شامل کر دیا ہے، جس کی مدد سے اب ماضی کی اسٹریٹ ویو تصاویر اسمارٹ فون پر بھی دیکھی جا سکیں گی۔
اسٹریٹ ویو سروس کے 15 سال مکمل ہونے کے موقع پر گوگل نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ برسوں میں لی گئی اسٹریٹ ویو تصاویر کو اب اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے بھی دستیاب بنایا جا رہا ہے۔
یہ سہولت پہلے صرف ڈیسک ٹاپ اور لیپ ٹاپ صارفین تک محدود تھی، تاہم اسمارٹ فونز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر کمپنی نے اسے موبائل ایپلی کیشنز میں بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیچر تک رسائی حاصل کرنے کے لیے صارفین کو کسی بھی اسٹریٹ ویو تصویر کو کھول کر "See More Dates" کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا، جس کے بعد مختلف اوقات میں لی گئی تصاویر دیکھی جا سکیں گی۔
اس نئی سہولت کے ذریعے صارفین یہ جان سکیں گے کہ ان کا محلہ، گلی یا کوئی بھی مقام کئی برس قبل کیسا دکھائی دیتا تھا، البتہ یہ سہولت صرف ان مقامات پر دستیاب ہوگی جہاں پرانی تصاویر موجود ہوں گی۔
گوگل کے مطابق یہ فیچر نہ صرف معلوماتی ہے بلکہ صارفین کو وقت کے ساتھ آنے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ کرنے کا ایک منفرد اور دلچسپ تجربہ بھی فراہم کرتا ہے۔